نئی دہلی:4 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ کے خلاف الیکشن کمیشن کی شکایت کو گورنر ہاؤس نے وزارت داخلہ کو بھیج دیا ہے۔ واضح ہو کہ کلیان سنگھ نے علی گڑھ میں بی جے پی کارکنوں سے بات چیت میں عوامی طور پر بی جے پی کو ووٹ دے کر جتانے اور نریندر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنانے کی اپیل کی تھی۔ اس کی شکایت ملنے پر کمیشن نے صدر کو خط لکھا تھا۔اس معاملہ میں کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا تھا کہ بی جے پی کے لئے ووٹ مانگ کر کلیان سنگھ نے گورنر کے عہدہ کے وقار کو مجروح کیا ہے ۔ ہم نے صدر سے ملنے کا وقت مانگا تھا، وہ بیرون ملک کے دورے پر تھے، آج واپس آ رہے ہیں۔ کانگریس کا وفد ان سے مل کر گورنر کلیان سنگھ کو ہٹانے کا مطالبہ کرے گا ۔انہوں نے (کلیان سنگھ) جو کہا ہے اس کے بعد ایک منٹ کے لئے بھی انہیں عہدے پر بر قرار رہنے کا حق نہیں ہے۔ واضح ہو کہ راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ کے بیان کی شکایت کے بعد الیکشن کمیشن نے اس بارے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو پیر کی رات خط لکھا۔ دیر شام کمیشن کی میٹنگ میں اس معاملے پر مباحثہ کے بعد صدر جمہوریہ کو خط بھیجا گیا ۔ خط میں کلیان سنگھ کے بیان اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی وغیرہ کا تفصیل سے ذکر ہے۔گورنر کے عہدے کے وقار کے مطابق کمیشن نے اس معاملے میں صدرجمہوریہ ہی مناسب نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔ خود راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی۔کمیشن کی میٹنگ میں بھی اس بات پر اتفاق ہے کہ کلیان سنگھ کے بیان سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے ۔